ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں ڈکیتی کی سنسنی خیز واردات؛ گردن پر تلوار رکھ کر لوٹ لی رقم اور موبائل

بھٹکل میں ڈکیتی کی سنسنی خیز واردات؛ گردن پر تلوار رکھ کر لوٹ لی رقم اور موبائل

Tue, 21 Nov 2017 17:30:44    S.O. News Service

بھٹکل 21/نومبر(ایس او نیوز) شہر کے کارگیدے جیسے گنجان آبادی والے علاقہ میں ڈکیتی کی سنسنی خیز واردات منظر عام پر آئی ہے، جس سے نہ صرف عوام بلکہ پولس بھی حیران ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ بھٹکل کی تاریخ میں ایسا پہلی بار ہوا ہےکہ کسی کے گھر میں گھس کر تلوار گردن پر رکھ کرکسی کو لوٹا گیا ہو۔

ساحل آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے کارگیدے (فرسٹ کراس) کے رہائشی جناب صلاح الدین لونا صاحب نے بتایا کہ  وہ رات قریب تین بجے تہجد کی نماز کے لئے اُٹھے ہی تھے کہ اچانک چار لوگ ان کے سامنے آئے جس میں سے ایک نے ان کی گردن پر تلوار رکھ  دیا ۔ 

صلاح الدین کے مطابق چار میں سے دولوگ کنڑا میں بات کررہے تھے، جبکہ دیگر دو اُردو میں بات کررہے تھے۔

لُٹیروں نے گھر پر موجود تمام الماریوں کو کھول کر تلاشی لی، مگر ایک الماری میں  موجود 20,000 رقم اور ایک موبائل کے علاوہ اُنہیں کچھ نہیں ملا۔

واقعے کی اطلاع پولس کو  ملتے ہی مضافاتی پولس تھانہ کے کرائم پی ایس آئی منجپا اپنے عملہ کے ساتھ جائے واردات پر پہنچے اور ضروری معلومات حاصل کرنے کے بعد کاروار سے خصوصی ڈاگ اسکواڈ کی مدد سے کاروائی کو آگے بڑھایا گیا۔

رپورٹ لکھے جانے تک خبر موصول ہوئی ہے کہ پولس نے اس تعلق سے تین لوگوں کو اپنی تحویل میں لیا ہے اورپوچھ تاچھ جاری ہے۔ فی الحال پولس ذرائع نے کسی کی گرفتاری کی کوئی اطلاع نہیں دی ہے۔

(مزید آپڈیٹس وڈیو نیوز میں پیش کئے جائیں گے)


Share: